Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لینڈنگ گیئر میں خرابی کی بات درست نہیں، ایئر مارشل ارشد ملک

شائع 23 مئ 2020 06:09am

کراچی: پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ تکنیکی طور پر مکمل فٹ تھا اور حال ہی میں اس کی انسپیکشن ہوئی تھی، جہاز کے لینڈنگ گئیر میں خرابی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، حادثے کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی ٹیم بلائی جائے گی۔

پی آئی اے ٹریننگ سینٹر آڈیٹوریم میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کے سی ای او نے کہا کہ حادثے کا شکار طیارہ تکنیکی طور پر مکمل فٹ تھا، جسے 2014ء میں لیز پر حصول کے بعد پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل کیا گیا تھا، جہاز کلیئر اور مکمل سرٹیفائیڈ تھا اورسابقہ آپریشن کے دوران طیارے کے تمام ضروری چیکس کو بروقت مکمل کیا گیا جبکہ جہاز کے انجن اور دیگر آلات کا اہم ترین الفا نامی انسپیکشن چیک رواں سال کے مارچ میں مکمل کیا گیا تھا۔

ارشد ملک کا کہنا تھا کہ جہاز کے مین لینڈنگ گیئرسمیت کسی بھی پرزے میں کوئی ٹیکنیکل خرابی نہیں تھی، اس حوالے سے افواہیں گردش کررہی ہیں جن  میں کوئی صداقت نہیں، حادثہ کیسے ہوا؟ اس کی شفاف تحقیقات ہوں گی، انکوائری کے لیے بین الاقوامی ماہرین بلائیں گے جس کی سمری تیار ہوچکی ہے جبکہ پاکستان میں طیارہ حادثے کی تحقیقات سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کرے گا،  یہ آزادانہ طور پر تحقیقات کرنے والا ادارہ ہے، اس ادارے کے تحقیقاتی عمل میں پی آئی اے کا کوئی کردار نہیں ہے۔